ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز میں ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر شدید بارشوں کا عندیہ دیتے ہوئے  کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں بدھ اورجمعرات کوگرج وچمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بعض اضلاع میں منگل اور بدھ جب کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں بدھ اور جمعرات کو گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جب کہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، سبی اور قلات میں موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے ایران کے راستے آنے والا ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان کی جانب سے پاکستان میں داخل ہوچکا ہے، مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی وجہ سے پیر کو مطلع جذوی اور مکمل ابرآلودرہا، اور کراچی میں منگل کی شام گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے، بارش ہونے کے اگلے 18 سے 24 گھنٹوں بعد شہر میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے، تاہم سرد ہواؤں کی شدت معتدل رہے گی، اور درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسیات کا کہنا ہے کہ ملکہ کوہسارمری اورگلیات میں رات سے برفباری کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، اور برفباری اور بارشوں کا یہ سلسلہ مزید آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں