ڈیرہ بگٹی میں دھماکا، قبائلی امن لشکر کا ایک رضا کار شہید، 2 زخمی

ڈیرہ بگٹی (ڈیلی اردو) تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے شمسر روڈ پر موٹرسائیکل بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث امن لشکر کا رضا کار شہید ہو گیا جبکہ لیویز اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق ڈیرہ بگٹی شہر سے پندرہ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع نواحی علاقے شمسر میں حکومتی امن لشکر کے ارکان کو اس وقت بم حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ موٹر سائیکل پر صبح اپنے کیمپ سے گھروں کی جانب لوٹ رہے تھے۔ 

شہید رضا کار کی شناخت ناوی ولد جمعہ شمبانی بگٹی جبکہ زخمی نصر علی ولد جمعہ شمبانی بگٹی کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ ایک زخمی کی شناخت نہ ہو سکی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے۔

یاد رہے کہ 2 ہزار افراد پر مشتمل رضا کار لشکر کچھ برس قبل سیکیورٹی فورسز کی مدد کیلئے قائم کیا گیا تھا۔ قبائلی امن لشکر پر ماضی میں بھی بلوچ علیحدگی پسند تنظیموں کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔

ڈیرہ بگٹی میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں