شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، ٹی ٹی پی کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (ڈیلی اردو) صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشنز میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اہم کمانڈر سید رحیم سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں میرعلی اور خیسور میں خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشنز میں 5 دہشت گرد مارے گئے جن میں کمانڈر سید رحیم اور سیف اللہ نور بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد کمانڈر سید رحیم 2007 سے اب تک سیکیورٹی فورسز پر 17 دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا جبکہ دہشت گرد سید رحیم وانا اور میرعلی میں دو خودکش مراکز کا انچارج بھی تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک دشمن ایجنسیوں نے دہشت گرد کمانڈر سید رحیم کو ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں کی ریکروٹنگ کا ٹاسک دیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد سید رحیم میرعلی میں 4 قبائلی عمائدین اور شمالی وزیرستان میں ایک کمپنی کے 3 انجنئیرز کے قتل میں بھی ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگرد کمانڈر سیف اللہ نور خیسور میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں براہ راست ملوث تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں