کراچی سے کالعدم تنظیم زینبیون بریگیڈ کا دہشت گرد گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم زینبیون بریگیڈ کے کارندے کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے حساس ادارے کی معاونت سے سرجانی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم زینبیون بریگیڈ کے کارندے سید محمد عباس جعفری عرف سباس کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک پستول برآمد کر لیا۔

ایس پی سی ٹی ڈی آپریشن ون عارف عزیز کے مطابق گرفتار ملزم نے بتایا کہ اس نے 2014 میں پڑوسی ملک سے عسکری تربیت حاصل کی تھی، وہ خودکار ہتھیار چلانے اور میڈیکل اینڈ انٹیلی جنس سرویلنس کا ماہر ہے اور ریڈ بک کے انتہائی مطلوب دہشت گرد یاور عباسی کا قریبی ساتھی ہے، ملزم کئی لوگوں کی ذہن سازی کے علاوہ عسکری تربیت کے لیے بھی متعدد افراد کو پڑوسی ملک بھیج چکا ہے۔

ملزم عباس اپنی تنظیم کے پلیٹ فارم سے کئی لوگوں کو تربیت دلوا کر پاکستان میں دہشت گردی کے لئے استعمال کرتا ہے، وہ خود دہشت گردوں کا سہولت کار ہونے کے ساتھ دہشت گرد کارروائیوں کے لیے ریکی کرتا رہا ہے، اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے حساس ادارے اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

ملزم کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی سرگودھا میں مقدمہ درج کر لیا گیا اور ان سے نامعلوم مقام پر تفتیش کا آ غاز کردیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں