اسلام آباد میں فائرنگ، جے یو آئی رہنما مفتی اکرام توحیدی بیٹے اور شاگرد سمیت ہلاک

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی دارالحکومت میں تھانہ بھارہ کہو کی حدود پرنس روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جمعیت علماء اسلام ف کے مقامی رہنما اور مسجد صدیق اکبر کے امام مفتی اکرام توحیدی بیٹے اور شاگرد سمیت ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کی رات پرنس روڈ پر مارکیٹ میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے مقامی رہنما امام مسجد صدیق اکبر مفتی اکرام اپنے تیرہ سالہ بیٹے اور شاگرد کے ساتھ موجود تھے کہ ان پر نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے تینوں ہلاک ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری جائے وقوعہ پرپہنچ گئی اور تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔

ایس پی سٹی عمر خان کا کہنا ہے واقعہ کی تفتیش جاری ہے جبکہ متعلقہ ایس ایچ او حبیب الرحمن نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے جس کی ہر پہلو سے تفتیش کی جارہی ہے۔ جلد ملزمان سے تک پہنچ جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں