اسرائیل نے اپنے بحری جہاز کے قریب دھماکے کا الزام ایران پر لگا دیا

یروشلم (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بحری جہاز کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایران کو ملوث قرار دے دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران پر الزام عائد کیا کہ گزشتہ ہفتے خلیج اومان کے ساحل میں اسرائیلی کارگو شپ کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایران ملوث ہے۔

اس سے قبل اسرائیل کے وزیر دفاع سمیت دیگر حکام بھی اس دھماکے کا الزام ایران پر عائد کرچکے ہیں۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ اسرائیلی وزیراعظم نے اس انٹرویو کے دوران اپنے الزام کے کوئی شواہد پیش نہیں کیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے بحیرہ عرب میں جس اسرائیلی کارگو شپ کے قریب دھماکا ہوا اسے مرمت کے لیے دبئی کے پورٹ پر لایا گیا ہے تاہم یہ بات واضح نہیں ہوسکی ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں جہاز کو کتنا نقصان پہنچا اور دھماکا کس نوعیت کا تھا البتہ اس دھماکے میں جہاز کا عملہ پوری طرح محفوظ رہا۔

امریکی حکام کا کہنا ہےکہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب دھماکے کا نشانہ بننے والے جہاز کے ڈھانچے کے دونوں طرف سوراخ ہوچکے ہیں۔

اس حوالے سے اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات سے پتاچلا ہے کہ اس کا ذمہ دار ایران ہے جب کہ اقوام متحدہ اور امریکا کے لئے اسرائیل کے سفیر نے بھی ایران پر دھماکے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے خطے میں سکیورٹی خدشات کو جنم دیا ہے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے اسرائیلی دفاعی حکام دبئی پہنچ گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں