سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے 8 ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا

ریاض (ڈیلی اردو) عرب اتحادی افواج نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے 8 ڈرون حملوں کو ناکام بنادیا۔

عرب اتحادی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے گئے 8 بمبار ڈرون حملوں کو ناکام بنادیا، 2 ڈرون حملوں میں آج صبح سعودی شہر جازان اور خمیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم انہیں فضا میں ہی تباہ کردیا گیا جب کہ ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

عرب اتحادی افواج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی کے مطابق جمعہ کے روز حوثی باغیوں نے سعودی شہر خمیس مشیط پر 6 ڈرون حملے کیے جنہیں فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثی باغی جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں تاہم اتحادی افواج شہریوں کی حفاظت کے لیے مکمل الرٹ ہیں۔

دوسری جانب حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حالیہ ڈرون حملوں کی متحدہ عرب امارات، بحرین، مصر، اردن اور کویت کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے، تمام ممالک نے حوثی باغیوں کے خلاف لڑائی میں سعودی عرب کی مکمل حمایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں