بلوچستان: مستونگ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، بی ایل اے کے 5 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے آپریشن میں کالعدم تنظیم 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے اسپلنجی کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی طلاع پر آپریشن کیا تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) 5 مبینہ دہشت گرد مارے گئے جب کہ 2 فرار ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت شاہ نظر، عارف مری، یوسف مری، سمیع اللہ پرکانی اور جمیل احمد پرکانی کے نام سے ہوئی ہے۔ پانچوں کا تعلق کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی سے تھا اور وہ بلوچستان میں کئی بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گرد سمنگلی روڈ پر مزدوروں پر دستی بم حملے، ہزار گنجی میں آزاد خان مری پر بم حملے اور کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز پر دستی بم حملوں سمیت دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران 3 عدد کلاشنکوف بمعہ 100 زندہ کارتوس، 10 کلو دھماکہ خیز مواد، تین عدد ڈیٹونیٹرز، 2 عدد دھماکہ خیز راڈ، دو عدد دستی بم، ایک ریموٹ کنٹرول ڈیوائس اور 13 بیٹریاں برآمد کی گئیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سی ٹی ڈی اہلکار زخمی بھی ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں