پاک بھارت کشیدگی: فوجوں کو مشرقی سرحدوں پر منتقل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت کے جنگی جنون پر پاکستان نے دو ٹوک فیصلہ کرتے ہوئے صورتحال کشیدہ ہونے پر فوجیں مغربی سرحد سے مشرقی سرحد پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت سرحدی کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ بھارت کی جانب سے مسلسل جارحانہ رویہ اختیار کرنے پر پاکستان نے بھی بھرپور تیاری کر لی ہے۔

بھارت کے جنگی جنون اور دھمکی آمیز رویے پر پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ صورتحال کشیدہ ہوئی تو مغربی سرحد سے فوجیں مشرقی سرحد پر لگائیں گے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ خوف کی فضاء نہیں چاہتے۔ بھارت کے ساتھ موجودہ حالات میں خطرات موجود ہیں۔ جنگ مسلط ہوئی تو بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کرتارپور جیسے اقدامات کو خطرہ لاحق ہے، پاکستان کے دوست ممالک سے رابطے جاری ہیں، دوست ممالک کی اخلاقی اور سیاسی حمایت درکار ہے، دوست ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت سے گذشتہ سرجیکل سٹرائیک کے بھی شواہد مانگے تھے آج تک نہیں ملے، بھارت کی طرف سے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جانا چاہئے، بھارت اگر عالمی سرحد پر کوئی کارروائی کرے گا تو بھرپور پائے گا۔

پاکستانی ہائی کمشنر تاحال پاکستان میں ہی موجود ہیں، بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ بھی ابھی تک بھارت میں ہیں۔

دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کے مدنظر دفتر خارجہ نے کرائسز مینجمنٹ سیل قائم کر دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ کا کرائسز مینجمنٹ سیل 24 گھنٹے کام کرے گا۔ کرائسز مینجمنٹ سیل سفارتی رابطوں اور سرحدوں کی صورتحال پر رابطے میں رہے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قبل از وقت قدم اٹھایا جا سکے۔         

اپنا تبصرہ بھیجیں