کوئٹہ میں سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والا دھماکا خودکش حملہ تھا، وزیر داخلہ شیخ رشید

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں ہوٹل کی پارکنگ میں ہوا حملہ خودکش تھا، چینی سفیر کئی دنوں سے وہاں ہیں اور محفوظ ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چینی سفیر کئی دنوں سے کوئٹہ میں ہیں، آج بھی وہی ہیں اور آج انہوں نے اسٹاف کالج سے خطاب کیا ہے۔

انہوں نے دھماکے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ خودکش دھماکے کے لیے 60 کلو گرام سے زائد مواد استعمال کیا گیا، خود کش حملہ آور گاڑی میں بیٹھا رہا۔ حملہ آور کی فی الحال شناخت نہیں ہو سکی ہے تاہم فرانزک کے لیے رپورٹس بھیج دی گئی ہیں۔‘

شیخ رشید نے بتایا کہ چیف سیکریٹری سے دھماکے کی فوری تحقیقات کا کہا ہے، کل کے دھماکے میں 5 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ زخمی ہونے والے 6 افراد ہسپتال میں ہیں، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی جائے، خیال تھا کہ ایف سی کو کوئٹہ سے نکالیں، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان کو مزید کارروائی کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کو داخلی طور پر غیر مستحکم کرنے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے مگر پاکستان کی فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے مکمل طور پر چاق و چوبند ہیں۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اس حملے کی ذمے داری قبول کی ہے۔

ٹی ٹی پی ‏ترجمان محمد خراسانی نے نے دعویٰ کیا ہے کہ خودکش حملہ آور کا نام محمد عباس عرف فاروق تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں