پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 198 نئے متاثرین، 108 اموات

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4198 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 108 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 18 ہزار 537 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 45 ہزار 833 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں 3 لاکھ 12 ہزار 522، سندھ میں 2 لاکھ 88 ہزار 680، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 21 ہزار 728، بلوچستان میں 22 ہزار 900، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 355، اسلام آباد میں 77 ہزار 65 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 583 کیسز رپورٹ ہوئے۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان امتیاز علی تاج کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی شرح میں تیزی سے اونچ نیچ ہو رہی ہے۔ جس وجہ سے حکومت نے وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے ہیں۔

امتیاز علی تاج کا کہنا ہے کہ آٹھ سے 16 مئی تک گلگت بلتستان میں سیاحت پر مکمل پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

اس دوران مقامی لوگوں کے علاوہ سیاحوں اور دیگر لوگوں کو گلگت بلتستان میں داخلے کی اجاز ت نہیں ہو گی۔

انھوں نے بتایا کہ ہوٹل انڈسڑی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ سیاحوں کی بکنگ نہ کریں۔

اس دوران اضلاع کے درمیاں پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی ہوگی جبکہ فی الحال مارکیٹس پر جزوی پابندیاں عائد کی گئی ہیں لیکن اگر وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہوا تو پھر پابندیاں مزید سخت بھی کی جا سکتی ہیں۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق چودہ نئے مریضوں کے ساتھ اس وقت علاقے میں فعال مریضوں کی تعداد 113 ہے۔

روزانہ کی بنیاد پر پازیٹو مریضوں کی شرح تین فیصد سے زائد ہے جبکہ چند دن قبل یہ شرح چھ فیصد تھی جس کے بعد یہ کم ہو کر دو فیصد تک پہنچ گئی تھی۔

گلگت بلتستان میں کورونا کے کل متاثرین کی تعداد 5355 ہے، جن میں سے 5135 صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 107 ہے۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر اس وقت کورونا وائرس کے کل مصدقہ متاثرین کی تعداد 15 کروڑ سے زیادہ ہے جبکہ اس عالمی وبا سے 32 لاکھ سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں کووڈ 19 کے تقریباً تین کروڑ 24 لاکھ سے زیادہ متاثرین ہیں جبکہ پانچ لاکھ 77 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔

انڈیا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر ہنگامی صورتحال اختیار کر چکی ہے اور ایک کروڑ 99 لاکھ متاثرین کے ساتھ یہ دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

انڈیا میں مسلسل کئی روز سے یومیہ تین لاکھ سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں اور متعدد علاقوں میں لوگ اپنے عزیزوں کے لیے آکسیجن اور وینٹیلیٹر کا انتظام کرنے کی کوشش کرتے نظر آ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں