بلوچستان: ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں ایرانی ڈرون حملہ

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ علاقے تمپ میں مبینہ ایرانی ڈرون حملے کے نتیجے میں مسجد، کجھور کے باغات اور ایک رہائشی گھر کو نقصان پہنچا ہے۔

لیویز فورس ذرائع کے مطابق نزر آباد میں مبینہ ایرانی ڈرون طیارے سے تین راکٹ فائر کئے گئے ہیں، راکٹ حملے سے مقامی مسجد، کھجور کے باغات اور ایک گھر کو نقصان پہنچا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ شب سحری سے قبل تحصیل تمپ کے علاقہ نزرآباد میں مبینہ ایرانی ڈرون طیارے کی طرف سے تین راکٹ فائر کیے گئے جن میں دو آبادی کے اندر جبکہ تیسرا نخلستان میں گرا، راکٹ گرنے سے جامع مسجد نزر آباد کی چاردیواری اور وضو خانہ کو نقصان پہنچا جبکہ ایک راکٹ غلام نبی نامی شخص کے گھر صحن میں جا گرا۔ جس سے ان کے گھر کو جزوی نقصان پہنچا اسی طرح تیسرا گولہ قریبی نخلستان میں گرا جس سے کھجور اور آم کے درختوں کو نقصان ہوا۔ بعد ازاں تحصیلدار تمپ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جہاں پہ راکٹ کے تین خول ملے۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈرون کیمرے بھی زیر استعمال لائے گئے تھے۔ مقامی آبادی پر داغے گئے 2 راکٹ عید گاہ کے قریب مسجد کے قریب گرے جس سے مسجد کی دیوار، وضو خانہ، پانی کی ٹینکی، پائپ اور بجلی کی تاروں کو شدید نقصان پہنچا۔

لیویز ذرائع نے مزید بتایا کہ دو راکٹ مسجد کے قریب غلام نبی ولد رسول محمد کے گھر کے صحن میں گرے تاہم سوئے ہوئے بزرگ، مرد، خواتین اور بچے بال بال بچ گئے جبکہ قریب کے کجھور درخت اور آم کے درخت شدید متاثر ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں