کراچی سے ‘را’ کا تربیت یافتہ دہشتگرد شہزاد عرف کھجی عرف حضرت گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی پولیس نے بھارت کی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ایک مبینہ تربیت یافتہ دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سے پولیس نے کارروائی کرکے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت محمد شہزاد عرف کھجی عرف حضرت کے نام سے ہوئی ہے، ملزم نے را سے تربیت حاصل کی ہے اور وہ مجموعی طور پر 18 قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم نے 1988 میں متحدہ لندن میں بطور کارکن شاہ فیصل سیکٹر 104 میں شمولیت اختیار کی، 1993 میں نعیم شری کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم میں شامل ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 17 اکتوبر 1994 کو ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سب انسپکٹر محمد اسلم اور پولیس کانسٹیبل محمد ایوب کو فائرنگ کر کے شہید کیا جبکہ حملے میں ڈی ایس پی مختار احمد چوہدری بھی زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے گلشن اقبال میں پیدل گشت پر مامور پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کرنے اور 1995 میں موسیٰ کالونی کے رہائشی 6 افراد کو مخبری کے شبے میں اغواء کے بعد تشدد کر کے قتل کرنے کا بھی انکشاف کیا۔

گرفتار ملزم بھارت سے تربیت کے بعد کراچی میں سیاسی و مذہبی شخصیات کے قتل اور اقدام قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم نے را سے تربیت حاصل کی ہے اور وہ قتل کی 18 وارداتوں میں ملوث ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں