لکی مروت: پولیس موبائل پر دہشتگردوں کا حملہ، اے ایس آئی اور تحریک طالبان پاکستان کے 2 حملہ آور ہلاک

ڈی آئی خان (سید توقیر حسین زیدی) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل پر شرپسندوں کے حملے کے دوران اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہلاک جبکہ کانسٹیبل زخمی ہو گیا، جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پشاور انڈس ہائی وے پر دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) محمد شاہ خان ہلاک جبکہ ایلیٹ فورس کانسٹیبل انوار اللہ شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فرار ہوتے دہشت گردوں کا تعاقب کیا جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

ایس ایچ او نوید نواز کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت نہیں ہو سکی، شرپسند موٹرسائیکل پر سوار تھے جنہوں نے تھانہ ڈاڈیوالہ کی پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے ان کے ساتھی ابوبکر اور القاعدہ مارے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں