افغانستان: ہلمند میں سڑک کنارے بم دھماکے میں 9 عام شہری ہلاک

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں ایک گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرانے کے باعث 9 عام شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 3 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

صوبے میں پولیس کے ترجمان محمد زمان ہمدرد نے جمعرات کے روز مزید کوئی تفصیلات فراہم کیے بغیر شِنہوا کو بتایا کہ آج صبح بشران کے علاقہ میں عام شہریوں کی ایک گاڑی دشمنوں کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 9 عام شہری ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

اسی اثناء میں ایک اور اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مزاحمتی علاقہ بشران صوبائی دارالحکومت لشکرگاہ کے نواح میں واقع ہے اس نے بتایا کہ دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ بشران کا علاقہ حال ہی میں سرکاری فوج اور طالبان گروہ کے مابین شدید لڑائی کا مرکز بنا ہوا ہے اور شورش زدہ گاؤں میں موجود طالبان عسکریت پسندوں نے یہ بارودی سرنگ نصب کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں