ترکی میں داعش سے تعلق پر 18 مشتبہ غیر ملکی گرفتار

استنبول (ڈیلی اردو) ترک پولیس نے ملک کے سب سے بڑے شہر استنبول میں دولت اسلامیہ (داعش) کے مشتبہ ممبران کے خلاف بیک وقت کارروائیاں کرتے ہوئے کم از کم 18 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

روزنامہ حریت نے جمعرات کے روز رپورٹ کیا کہ استنبول پولیس کے انسداد دہشتگردی دستہ کی ٹیموں نے داعش سے مبینہ تعلقات رکھنے والے مشتبہ افراد کو پکڑنے کیلئے شہر بھر میں 20 گھروں پر چھاپے مارے۔

اس نے بتایا کہ جن جگہوں پر چھاپہ مارا گیا ان میں سے ایک پتہ یورپی حصہ کے ضلع سارییر میں امریکی قونصل خانے سے تقریباً 500 میٹر کی دوری پر واقع ہے۔

کارروائیوں میں نشانہ بنائے جانیوالے افراد کی شہریت سے متعلق معلومات فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکیں۔

ان مقامات کی تلاشی کے دوران متعدد تنظیمی دستاویزات اور ڈیجیٹل مواد بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

داعش کو 2015 کے بعد سے ترکی میں جان لیوا حملوں کے سلسلے کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔ اس کے بعد سے اب تک ترکی کے انسداد دہشتگردی دستے ملک بھر میں گروہ کے ارکان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں