افغانستان: تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر مفتی خالد کنڑ میں ہلاک

اسلام آباد (ڈیلی اردو) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اہم کمانڈر اور سیاسی شوریٰ رکن مفتی خالد کو افغانستان کے صوبے کنڑ میں ہلاک کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق افغان صوبے کنڑ میں ٹی ٹی پی کے شوریٰ ممبر مفتی خالد کی لاش ملی ہے، مفتی خالد کو نامعلوم افراد نے سفر کے دوران گولی مار کر ہلاک کردیا۔ مفتی خالد کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر سے تھا اور وہ تحریک طالبان پاکستان کے سابق امیر ملا فضل اللّٰہ کا قریبی ساتھی تھا۔

ملا فضل اللہ نے مفتی خالد کو 2013 میں کالعدم تحریک طالبان کی سیاسی شوریٰ کا سربراہ بنایا تھا، مفتی خالد افغان صوبے ننگرہار میں طالبان کے امور کا نگراں بھی تھا۔

ذرائع کے مطابق مفتی خالد کی ہلاکت طاقت کے حصول کے لئے سواتی گروپ اور محسود گروپ میں جاری لڑائی کا نتیجہ ہے۔

مفتی خالد 2008 میں ایک الیکشن ریلی پر خودکش حملے کا ماسٹر مائند تھا اور اس خود کش دھماکے میں 36 افراد ہلاک اور 17 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں