افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 16 طالبان ہلاک، 8 گرفتار

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے دو صوبوں میں کم از کم 16 طالبان دہشت گرد ہلاک جبکہ 8 دیگر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

وزارت دفاع نے سوموار کے روز ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ اتوار کی شب شما لی صوبہ قندوز میں صوبائی صدر مقام قندوز شہر کے نواح میں واقع گاؤں قوش تپا میں افغان قومی فوج کے کمانڈوز کی جانب سے طالبان کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مار کر 5 افراد کو طالبان کی قید سے آزاد کروالیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کے کمانڈوز نے آدھی رات کے وقت طالبان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز پر مہلک فائرنگ کی گئی، انہوں نے اپنے دفاع کیلئے جوابی فائرنگ کی،اس کے بعد مسلح جھڑپ میں 12 طالبان دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ دیگر 8 کو گرفتار کر لیا گیا۔

آزاد ہونے والے لوگ اور گرفتار طالبان دہشت گردوں کو ایک فوجی کیمپ میں منتقل کردیا گیا ہے، چھاپے کے دوران طالبان کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا اور اسلحہ اور گولہ بارود قبضہ میں لے لیا گیا۔

فوج کی 215ویں مائیوند کور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی صوبہ ہلمند کے بدامنی کا شکار ضلع نادعلی کے چاہِ انگیر میں افغان فضائیہ کی جانب سے طالبان کے ٹھکانے پر بمباری کے باعث 4 طالبان ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں