چین کی نیٹو کو وارننگ

بیجنگ (ڈیلی اردو) چین نے مغربی فوجی اتحاد ’’نیٹو‘‘ کے رہنما ژینس اسٹولٹن برگ کے چین کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دینے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے مغربی دفاعی اتحاد ’’نیٹو‘‘ کو خطے میں نیا تنازع کھڑا کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے منظم چیلنج کا مقابلہ اپنے مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کریں گے۔

چین کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مغربی فوجی اتحاد ’’نیٹو‘‘ کے رہنما ژینس اسٹولٹن برگ کے چین کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دینے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نیٹو کو عقلیت پسندی سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔

چین نے نیٹو رہنما کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چین نے کبھی جارحانہ عزائم نہیں رکھے اور نہ ہی وہ خطے میں جنگ کی خواہش رکھتا ہے بلکہ چین تمام ممالک کے ساتھ احترام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے رہنما ژینس اسٹولٹن برگ نے کہا تھا کہ چین کی جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے ساتھ خلائی اور سائبر جنگی صلاحیتوں میں اضافہ عالمی امن کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں