اسرائیلی فوج کا کار چڑھانے کی کوشش کرنے والی فلسطینی خاتون کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

بیت المقدس (ڈیلی اردو/شِنہوا) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مغربی کنارے میں کار سے ٹکر مار کر حملہ کرنے کی کوشش کرنیوالی ایک فلسطینی خاتون کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

یہ واقعہ بدھ کے روز بیت المقدس کے شمال مشرقی فلسطینی قصبے حزما کے باہر پیش آیا ہے۔

اسرائیل کے سرکاری کان ٹی وی کی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اس خاتون کی شناخت بیت المقدس کے مشرقی قصبے ابودیس کی 29 سالہ رہائشی کی حیثیت سے ہوئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ خاتون ڈرائیونگ کرتی ہوئی حزما سے ملحقہ ایسی جگہ پر گئی جہاں فوجی انجینئرنگ سرگرمیوں کی حفاظت کر رہے تھے، اس نے پہلے فوجیوں پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی اور چاقو اٹھا کر گاڑی سے باہر نکلی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجیوں نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔

یہ واقعہ منگل کے روز مشرقی بیت المقدس میں انتہائی قوم پرست اسرائیلیوں کی جانب سے پرچم بردار پریڈ کے باعث پیدا ہونیوالی کشیدگی کے باعث پیش آیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں