شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دو دہشت گرد اور ایک اہلکار ہلاک

راولپنڈی (کاشف محمود) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دو دہشت گرد اور ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت کرد ہلاک ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹی ٹی پی کے ہلاک ہونے والے دونوں دہشت گرد اسپین وام میں فعال تھے اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نائیک نزاکت خان ہلاک ہوئے۔

آپریشن میں ہلاک ہونے والے سپاہی نائیک نزاکت خان کا تعلق پنجاب کے ضلع اٹک سے ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس فروری میں شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز کو میر علی میں ایک کمپاؤنڈ میں دہشتگردوں کی موجودگی کا علم ہوا تھا، جس پر جیسے ہی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا، دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔

اس سے قبل یعنی 2 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب لوئر دیر میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں