آزاد کشمیر: نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی شہری آبادی پر شدید گولہ باری، 6 افراد شہید

کوٹلی (ڈیلی اردو) آزادکشمیرمیں سیز فائر لائن سے متصل کوٹلی کے علاقے نکیال میں بھارتی فورسز نے سول آبادی پر چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے شدید گولہ باری کی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق شیلنگ سے 6 شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

آزادکشمیر کے دیگر اضلاع پونچھ، نیلم، لیپہ میں بھی بھارتی فورسز کی طرف سے وقفے وقفے سے شہری آبادی پر شدید گولہ باری کی اطلاعات آ رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کوٹلی کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ نکیال کے نزدیک موھڑہ دھروتی سے تعلق رکھنے والے ملک عمر حیات کے گھر بھارتی گولہ باری سے گھر کے 3 افراد شہید اور 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

شہید ہونے والوں میں گلفراز ولد عمر حیات 9سال، زرینہ دختر عمر حیات 15سال، موتیاں بیگم زوجہ عمر حیات 40 سال شامل ہیں۔

جبکہ زخمی ہونے والوں میں عمر فاروق ولد عمر حیات 17سال، سرفراز ولد عمرحیات 12سال اور صغیر ولد عمرفاروق 10سال شامل ہیں۔

ڈی سی کوٹلی کے مطابق کھوئی رٹہ سیکٹر میں شہناز بیگم ولد محمد صدیق کی بھی بھارتی شیلنگ سے شہادت ہو گئی ہے جبکہ عدنان اسلم، منیر کوثر، سمیرہ اسلم زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی سی کوٹلی نے ایل او سی پر بسنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاط سے کام لیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں انتظامیہ کو فوری آگاہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں