خیبر: لنڈی کوتل میں مکان کے اندر دھماکا، 6 افراد ہلاک، 4 شدید زخمی

لنڈی کوتل (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقہ تاتارہ گرائونڈ کے قریب مکان میں پراسرار دھماکہ کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے بچوں اور خاتون سمیت 6 افراد ہلاک جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے پشاور منتقل کردیا گیا ہے جن میں 3 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

زخمیوں کو پشاور منتقل کردیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک بچہ دم توڑ گیا۔

خیال رہے کہ آج لنڈی کوتل کے ایک مکان کے اندر زوردار دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہو گئے تھے۔

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کردیا تاہم آخری اطلاعات تک دھماکے کی نوعیت معلوم نہ ہوسکی۔

ایس ایچ او محمد شریف کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہے، تحقیقات کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق تحصیل لنڈی کوتل میں تاتارہ گراونڈ کے قریب واقع گاؤں میں ذہنی مریض شفیق آفریدی نامی شخص کے گھر کے اندر زوردار دھماکہ ہوا جس میں بچوں سمیت 10 افراد شدید زخمی ہوئے۔

ڈی پی او خیبر وسیم ریاض خان کے مطابق تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں جو دھماکے کی نوعیت معلوم کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 15 سالہ سلیمان ولد شفیق، 5 سالہ یاسمین دختر شفیق، 50 سالہ شمیم زوجہ شفیق، 8 سالہ بختور شاہ ولد صادق اور 14 سالہ فرمان ولد صادق جبکہ زخمیوں میں 6 سالہ اقتدار ولد گلاب شاہ، 6 سالہ تبسم دختر صادق، 6 سالہ لیاقت ولد گلاب شاہ اور 12 سالہ شمس ولد گلاب شاہ شامل ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے متصل مقام پر بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار بارودی مواد اور دیگر دھماکہ خیز آلات ناکارہ بناتے ہے جہاں سے بچے کچھ لوہے کی چیزیں مکان لے گئے جس کے بعد دھماکہ ہوا تاہم پولیس نے تحقیقات سے قبل موقف دینے سے انکار کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں