پاکستان میں بھارت کی دہشتگردی کی مالی اعانت کے ثبوت ایف اے ٹی ایف کو دیدئیے، شاہ محمود قریشی

لاہور (ڈیلی قردو) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلام آباد نے پاکستان میں بھارت کی دہشت گردی کی مالی اعانت کے ’ٹھوس ثبوت‘ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کیساتھ شیئر کئے ہیں اور بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور اس کی دہشتگردی پر مشتمل سرگرمیوں پر سوال اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی دہشت گردی کیلئے مالی اعانت کے ثبوت دیکھنے کے بعد ایف اے ٹی ایف کے رکن ممالک کی کارروائی اس بات کا تعین کرے گی کہ یہ تکنیکی فورم ہے یا سیاسی‘۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ خود اور معید یوسف پہلے ہی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے اور ہماری تشویش ثبوتوں کے بعد دور ہوگئی کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردوں کو ہتھیار، مالی اعانت اور تربیت فراہم کر رہا ہے، بھارت، افغانستان کی سرزمین کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ لاہور میں جوہر ٹاؤن بم دھماکے نے ہمارے خدشات کو درست ثابت کیا، پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں نے بھارت کو بے نقاب کیا ہے اور اب پاکستان میں سفارتی کور اور پی 5 ممالک کے سفرا کے ساتھ اقوام متحدہ اور میڈیا کے ساتھ بھی ٹھوس ثبوت شیئر کر دئیے گئے ہیں، کیا یہ ایف اے ٹی ایف کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ بھارت کو کٹہرے میں لائے اور سوال کرے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کیوں کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور آئی جی پنجاب انعام غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا تھا کہ لاہور میں گزشتہ ماہ ہونے والے دھماکے کے تانے بانے پاکستان میں بھارت کی جانب سے ہونے والی دہشت گردی سے جڑتے ہیں اور ماسٹر مائنڈ کا تعلق بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے ہے۔

یاد رہے کہ 23 جون کی صبح لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں کالعدم جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب ہونے والے دھماکے میں چار افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں