کوئٹہ: سی ٹی ڈی کا بلوچ لبریشن آرمی کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

اسلام آباد (ش ح ط) کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کوئٹہ میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 5 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ہزار گنجی میں کارروائی کرتے ہوئے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی اداروں نے ہزار گنجی میں کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق دہشت گرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جسے بروقت ناکام بنا دیا گیا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں بھی سی ٹی ڈی نے ضلع مستونگ میں ایک آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 5 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشتگرد کالعدم تنظیم داعش کا اہم رکن تھا اور فرقہ وارانہ اور لسانی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔ ترجمان کے مطابق مارا گیا دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران فرقہ وارانہ اور لسانی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد مارا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں