کراچی میں حساس اداروں کی بڑی کارروائی، بم بنانے کا ماہر گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی حکومت کراچی میں پولیس اور حساس اداروں نے بھٹائی آباد میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جئے سندھ متحدہ محاذ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم رمیش کمار شہر میں 2010 سے 2015 تک 38 سے زائد کریکر اور دستی بم حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ مختلف اقسام کی دھماکہ خیز ڈیوائس اور بم بنانے کا ماہر بھی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہر میں دستی بم حملوں سمیت معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور ہڑتالوں کے دوران ہنگامہ آرائی اور سیکڑوں گاڑیاں نذر آتش کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش تمام دہشتگرد کارروائیوں کے احکامات اور پیسے بیرون ملک پناہ گزیں کالعدم تنظیم کے لیڈر شفیع برفت کی جانب سے ملنے کا انکشاف کیا۔

تولیس حکام کے مطابق ملزم سندھ خصوصاً کراچی میں بدامنی پھیلانے کیلئے نوجوانوں کا اکسا کر دہشتگرد کارروائیوں کیلئے استعمال کرتا تھا، ملزم سے دھماکہ خیز مواد، تاریں، دستی بم، موبائل فون اور شناختی کارڈ برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم رمیش کمار سے تفتیش کی جا رہی ہے جس میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں