پاکستان میں چینی سفیر کی دھماکے میں زخمی چینی باشندوں کی عیادت

اسلام آباد (ڈیلی اردو/شِنہوا) پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کے ہمراہ بدھ کی رات راولپنڈی کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) میں زیر علاج دھماکے کے زخمی چینی شہریوں کی عیادت کی۔

چینی سفارت خانے کے مطابق بدھ کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے کے قریب چینی کمپنی کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی شٹل گاڑیاں اس وقت دھماکے کا شکار ہوئیں جب وہ خیبر پختونخوا صوبے میں تعمیراتی سائٹ کی طرف جارہی تھیں، اس واقعہ میں 9 چینی اور 3 پاکستانی ہلاک ہوگئے تھے۔

پاکستانی عہدیداروں نے بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع کوہستان میں ہونے والے اس دھماکے میں چینی شہریوں سمیت 30 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔

ہسپتال میں چینی سفیر نے زخمی چینی شہریوں کے علاج اوران کی حالت کے بارے میں دریافت کیا اور چینی حکومت اور عوام کی پریشانی اور تشویش سے زخمیوں کو آگاہ اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے نونگ رونگ نے کہا کہ “ہم اس اندوہناک واقعہ پر سخت رنجیدہ ہیں۔”

نونگ رونگ نے کہا کہ چینی حکومت نے اس واقعے سے متعلق سفارت خانے کو واضح ہدایات ارسال کی ہیں اور سفارتخانہ پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے اورتعاون کے لئے ان ہدایات پرعمل کرے گا، چینی سفیر نے مزید کہا کہ زیادہ سے زیادہ حد تک اور کسی بھی قیمت پر زخمیوں کے علاج کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے تاکہ وہ جلد ازجلد صحت یاب ہوسکیں۔

واقعے کی تفصیلی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے نونگ نے کہا کہ اگر یہ انسانی غلطی کا یا کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہے تو اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔

چینی سفیر نے خبردار کیا کہ پاکستان میں چینی شہری، کاروباری ادارے، منصوبے اور ادارے اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سیکیورٹی میں اضافہ کریں اور بغیر ضرورت کے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

محمود نے شِنہوا کو بتایا کہ پاکستان زخمی ہونے والے چینی شہریوں کے بہترین علاج کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں