افغانستان: اسپن بولدک میں جھڑپوں کی کوریج کے دوران ایورڈ یافتہ صحافی دانش صدیقی ہلاک

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان میں فرنٹ لائن پر سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپ کی رپورٹنگ کرتے ہوئے بھارتی صحافی دانش صدیقی جاں بحق ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے بھارت سے تعلق رکھنے والے پلٹزر ایوارڈ یافتہ فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی اسپن بولدک میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں کی عکس بندی کرتے ہوئے گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے۔

افغان حکام نے رائٹرز کو بتایا کہ دانش صدیقی اسپین بولدک میں طالبان سے قبضہ چھڑوانے کے لیے جانے والی افغان سیکیورٹی فورسز کی ٹیم کے ہمراہ تھے اور صحافتی ذمہ داری نبھانے کے دوران طالبان کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری کا نشانہ بن گئے۔

بھارت میں افغانستان کے سفیر فرید ماموند زئی نے صحافی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میں اپنے دوست صحافی دانش صدیقی کی فرنٹ لائن پر رپورٹنگ کے دوران ہلاکت پر شدید صدمے میں ہوں۔

دانش صدیقی کا تعلق انڈیا کے شہر ممبئی سے تھا اور دہلی فسادات سے متعلق ان کی ایک تصویر کو رائٹرز نے سال 2020 کی بہترین تصویر قرار دیا تھا جب کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی دربدری اور بحران پر فوٹوگرافی پر پلٹرز ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے بھارتی صحافی تھے۔

علاوہ ازیں دانش صدیقی نے موصل جنگ، نیپال زلزلے، ہانک کانگ میں پُھوٹنے والے مظاہروں اور دہلی میں مسلم کُش فسادات کی کوریج بھی کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں