عراق: شیعہ اکثریتی علاقے صدر سٹی میں دھماکا، 30 افراد ہلاک، 50 سے زائد زخمی

بغداد (ڈیلی اردو) عراق کے دارالحکومت بغداد کے شیعہ آبادی والے علاقے صدر سٹی میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

عراقی پولیس کے مطابق صدر سٹی میں سوموار کی شب ایک مارکیٹ میں دھماکا ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں بعض دکانیں جل گئی ہیں۔ ہلاک اور زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراق کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ دھماکا مشرقی بغداد میں صدر کی مارکیٹ میں دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے کیا گیا۔

ٹی وی نیوز چینل سی این این نے بتایا ہے کہ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال عراق کے آبادی والے علاقے میں یہ تیسرا دھماکا ہے ، اس سے قبل اپریل میں صدر شہر میں کار بم حملے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں