پاکستان میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے، شہر شہر نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے، سنت ابراہیمی کی یاد میں جانوروں کی قربانی بھی جاری ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے اسلام آباد فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی، انہوں نے قوم کو عیدالاضحٰی کی مبارکباد دیتے ہوئے ایس اوپیز کیساتھ منانےکی اپیل کی۔ وزیراعظم عمران خان نے پیغام میں کہا کہ کوئی قوم قربانی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نتھیا گلی پہنچے جہاں وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عید کی چھٹیاں گزاریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نماز عیدالاضحی جی او آر لاہور میں ادا کی، نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کی سلامتی و استحکام اور سر بلندی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔

سابق صدر آصف زرداری نے عید کی نماز بلاول ہاؤس، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سیہون شریف میں ادا کی۔ سندھ کے زیادہ تر سیاسی رہنما نماز عید اپنے آبائی علاقوں میں ادا کی۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر شاہ عید نماز سکھر میں پڑھی۔ صدر پیپلز پارٹی سندھ و صوبائی مشیر نثار کھوڑو عید نماز لاڑکانہ میں ادا کی۔

گورنر بلوچستان اور وزیراعلی نے نماز عید کوئٹہ میں ادا کی۔ شہر میں عید گاہوں، امام بار گاہوں اور مساجد میں نماز عید کے 100 سے زائد اجتماعات ہوئے جن میں فرزندان توحید نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے گورنر ہاوس، وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے سی ایم ہائوس میں نماز عید ادا کی جہاں کورونا ایس اوپیز کا خیال رکھا گیا، اکثر وزرااور اراکین نے اپنے اپنے آبائی علاقوں نماز عید ادا کی۔

نماز عید کے اجتماعات میں ملک وقوم، امت مسلمہ اورخاص کر کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حفاظت اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

عیدگاہوں اور مساجد پر نماز عید کے موقع سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جہاں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں