پاک بھارت کشیدگی: بلوچستان میں محمکہ داخلہ و دیگر ادارے الرٹ، چھٹیاں منسوخ

کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت کی روشنی میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، سول ڈفینس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت اور تمام عملہ اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے لائن حاضر ہونے کے احکام جاری کیئے ہیں۔

مزید برآں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ملک ہے لیکن اگر جارح بھارت باز نا آیا اور پاکستان پر جنگ مسلت کرنے کی کوشش کی تو پاک فوج اور ملک کا بچہ بچہ مملکت خداداد کی بھرپور دفاع کرے گی اور پاک فوج دشمن کو سبق دینے کے لیے شدید سرپرائیز دینے کا حق رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاک فوج اور سیاسی لیڈر شپ نے انتہا درجے تک بھارتی اشتعال انگیزی، جارحیت اور دراندازی کے خلاف ذمہ داری اور صبر کا مظاہرہ کیا، لیکن مجبوراً پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کو سرپرائیز دیتے ہوئے دو بھارتی جنگی طیارے مار گرائے۔

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار ہوش کے ناخن لیں، محض سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے دہشتگردی کا ڈھونگ رچانا اور دو ایٹمی قوتوں کو جنگ کی طرف لے جانا مودی سرکار کی سیاسی ناپختگی اور کم نظری ہے۔

حکومت بلو چستان نے تمام سرکاری آفیسران و اہلکاران کی ہر قسم کی رخصت پر فی الفورو۔تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے۔

محکمہ ملازمت ہائے نظم ونسق کے ایک اعلامیہ کے مطابق اس پابندی کا اطلاق حکومت بلو چستان کے تمام محکموں ،خود مختار /نیم خود مختار ادارو ں اور پبلک سیکڑ میں کام کرنے والی کمپنیوں کے آفسران واہلکاروں پر ہوگا۔

اعلامیہ میں مزید بھی کہاگیا ہے کہ مذکورہ محکموں /اداروں کے وہ آفسران واہلکاران جو پہلے سے رخصت پر ہیں ان کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کردی گئی ہیں اور انہیں فی الفور اپنی جائے تعیناتی پر رپورٹ کرنے کو کہاگیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں