افغانستان: طالبان کا قندہار ایئرپورٹ پر راکٹ حملے، پروازیں منسوخ

کابل (ڈیلی اردو) قندھار ایئرپورٹ طالبان کے راکٹ حملوں سے گونج اُٹھا جس کے نتیجے میں تمام پروازیں منسوخ ہوگئیں اور رن وے کو نقصان پہنچا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان جنگجوؤں نے قندھار ایئر پورٹ پر راکٹ حملے کیے جس کے بعد تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں اور رن وے کو شدید نقصان پہنچا۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان فضائیہ قندھار ایئرپورٹ سے پرواز بھر کر فضائی حملے کر رہی تھی جس کے جواب میں ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا۔

کابل حکومت کے ترجمان نے بھی قندھار ایئرپورٹ پر طالبان کے راکٹ حملوں کی تصدیق کی ہے۔ افغان فوج نے راکٹ حملوں کے باوجود طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

دوسری جانب صوبے ہیرات میں طالبان نے اکثریتی علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے جس کے بعد افغان فوج کے مزید تازہ دم دستے صوبے کی جانب روانہ کیے گئے ہیں جہاں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کا عمل تیزی سے جاری ہے تاہم اسی دوران طالبان نے اہم سرحدوں اور 95 فیصد علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں