خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے حملے میں دو ایف سی اہلکار ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے وادی تیراہ میدان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے فرنٹئیر کانسٹیبلری (ایف سی) کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق تحصیل باڑہ کے دور آفتادہ وادی تیراہ میدان کے قبیلہ برقمبرخیل دوربی خیل زیارت سر کے مقام پر فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوان پانی بھرنے کے لئے جا رہے تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔ جس سے دونوں اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں اہلکار چل بسے۔

ہلاک اہلکاروں کی شناخت ‏قیصر خلیل اور گل زمین کے نام سے ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پولیس اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کی ٹیمیں پہنچ گئیں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

تاحال کسی بھی گروہ یا تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں