اسرائیلی جنگی طیاروں کی لبنان پر بمباری

یروشلم (ڈیلی اردو/اے ایف پی/ڈوئچے ویلے) اسرائیلی فضائیہ نے سات برس بعد پہلی مرتبہ ہمسایہ ملک لبنان میں حملے کیے ہیں۔ مسلسل دو دنوں سے راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیلی دفاعی افواج نے یہ کارروائی کی ہے۔

اسرائیلی فضائیہ نے جمعرات کے دن ایک ٹویٹ میں لکھا، ”آج صبح لبنان سے اسرائیلی سرزمین پر راکٹ فائر کیے گئے۔‘‘ مزید کہا گیا کہ ان حملوں کے جواب میں اسرائیلی جیٹ طیاروں نے لبنان میں ان مقامات پر حملے کیے، جہاں سے یہ راکٹ داغے گئے تھے۔

اسرائیلی فضائیہ غزہ میں حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بناتی رہتی ہے جبکہ شامی خانہ جنگی میں اسرائیلی جیٹ طیاروں نے شام میں فعال مشتبہ ایران نواز جنگجوؤں پر بھی حملے کیے ہیں۔

تاہم سن دو ہزار چودہ کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے لبنان میں پہلی مرتبہ کارروائی کی ہے۔ لبنان کے المنار ٹیلی وژن نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے محمدیہ نامی شہر کے نواح میں دو حملے کیے۔ لبنان کی طاقتور شیعہ جنگجو تنظیم حزب اللہ کے زیر سرپرستی چلنے والے اس ٹیلی وژن نے بتایا کہ یہ حملے عالمی وقت کے مطابق گزشتہ رات پونے نو بجے کیے گئے۔ لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بھی ان حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم اس بارے میں زیادہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔

لبنانی سرزمین سے اسرائیل پر راکٹ حملے
اسرائیلی فورسز نے لبنان میں یہ حملے ایک ایسے وقت میں کیے، جب گزشتہ دو دنوں سے لبنانی سرزمین سے اسرائیل پر راکٹ حملے کیے گئے۔ بدھ کے دن تین راکٹ داغے گئے تھے، جن میں سے دو اسرائیلی سرزمین پر گرے۔ اس حملے کے جواب میں اسرائیلی دفاعی افواج نے جوابی شیلنگ کی تھی۔

اسرائیل نے بارہا خبردار کیا ہے کہ لبنان میں سیاسی بحران کی وجہ سے شمالی سرحدوں کی سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اسرائیل نے مزید کہا ہے کہ لبنانی سرزمین سے ہونے والے ان حملوں کے لیے بیروت حکومت کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا اور اگر مستقبل میں اسرائیلیوں کو نقصان پہچانے کی کوشش کی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔

ادھر سن انیس سو اٹھہتر سے لبنان اور اسرائیل کی شمالی سرحدوں کی نگرانی پر مامور اقوام متحدہ کے امن مشن نے اطراف پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل سے کام لیں۔ سن دو ہزار چھ میں اسرائیل اور لبنان کے مابین ہونے والے تباہ کن تنازعے کےبعد سے اس امن مشن میں شامل بین الاقوامی فوجی سیز فائر کو یقینی بنانے کی خاطر ان سرحدوں پر گشت بھی کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں