کوئٹہ میں جھنڈے فروخت کرنے والے دکان پر دستی بم حملہ، ایک نوجوان ہلاک، 7 زخمی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) صوبہ بلوچستان کے صوبائی حکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کے قریب دکان پر دستی بم حملے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر شیرجان اسٹاپ پر ایک دکان کے قریب پاکستانی پرچم فروخت کرنے والی ریڑھی پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک دیا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دستی بم حملے میں وہاں موجود امان اللہ نامی نوجوان ہلاک ہوا جبکہ 7 زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کی تلاش شروع کر دی ہے، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے دستی بم حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کو کوئٹہ میں دو بم دھماکوں میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 23 افراد زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں