مولانا فضل الرحمٰن کی افغان طالبان کو کامیابی پر مبارک باد

کابل (ڈیلی اردو) جے یو آئی و پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے طالبان سے ہر قسم کے تعاون کا اعلان کرتے ہوئے امریکی جارحیت کے خلاف مزاحمتی تحریک کی کامیابی پہ مجاہدین کو مبارک باد پیش کی ہے اپنے پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ جمعیت نے روز اول سے امریکہ اور نیٹو افواج کے افغانستان پر حملے کو جارحیت قرار دیا تھا۔ مملکت کے نظام کو چلانے کے لئے طالبان سے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

جے یو آئی نے ہر محاذ پہ طالبان کی جدوجہد ازادی کو اپنے ملک افغانستان کا جائز دفاع قرار دیا تھا۔ مجاہدین کی مخلصانہ قربانیوں کے بعد اللہ تعالی کی مدد اور تائید سے طالبان مجاہدین نے اپنے وطن افغانستان کو عالمی قوتوں اور ان کے گماشتوں کے جبر سے آزاد کر دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس عظیم کامیابی پر ہم افغانستان کے عوام کو بالخصوص اور امت مسلمہ کو بالعموم مبارکباد کا مستحق قرار دیتے ہیں۔

طالبان قیادت نے فتوحات حاصل کرنے کے بعد جس انکسار۔، خیر سگالی اور مفاہمت کی پالیسی کو اپنایا یہی اسلام کی سنہری روایات سے مطابقت رکھتی ہے۔ ہم اس نئے فلاحی نظام کے آغاز کو جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لئے مفید سمجھتے ہیں۔ ہم توقع رکھیں گے کہ طالبان اسی خلوص، للہیت اور تدبر کے ساتھ اپنی بہتر حکمت عملی سے یہاں پرامن اور مستحکم اسلامی معاشرہ کی تشکیل میں کامیاب ہونگے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم صمیم قلب سے تحریک اسلامی طالبان کے امیر مولوی ھب اللہ اور ان کے رفقا کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں