کابل میں امریکی فورسز کی کارروائی میں داعش کا خودکش بمبار مارا گیا

کابل (ڈیلی اردو) اتوار کو امریکہ کی جانب سے افغانستان میں دولت اسلامیہ داعش خراسان کے خلاف ایک فوجی کارروائی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی فورسز نے اس فوجی کارروائی میں ایک ممکنہ خودکش بمبار کو نشانہ بنایا جو کار کے ذریعے کابل ایئرپورٹ پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق طالبان کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ نے اس فضائی حملے میں کار میں بیٹھے ایک خودکش بمبار کو نشانہ بنایا ہے جو کابل ایئرپورٹ پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔

امریکی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں ڈرون طیارے کے ذریعے کابل میں ایک میزائل لانچ کیا گیا تھا جس میں کار میں موجود ایک خودکش بمبار کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کے مطابق یہ شخص کابل ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والا تھا۔

سی بی ایس نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک امریکی فوجی اہلکار نے کہا کہ ’ہمیں یقین ہے ہم نے اسی ہدف کو نشانہ بنایا جس کا ہم تعاقب کر رہے تھے۔‘

اس کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی معلومات کے مطابق کوئی شہری زخمی نہیں ہوا۔ کار سے بعد میں ہونے والے دھماکوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اس میں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔‘

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق طالبان کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ نے اس فضائی حملے میں کار میں بیٹھے ایک خودکش بمبار کو نشانہ بنایا ہے جو کابل ایئرپورٹ پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔

یہ اطلاعات ایک ایسے وقت میں موصول ہوئی ہیں کہ جب عینی شاہدین کے مطابق کابل ایئرپورٹ کے قریب راکٹ حملہ کیا گیا جس کی اونچی آواز آئی اور عمارت سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا ان دونوں واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے۔

جمعرات کو کابل ایئرپورٹ پر حملے میں قریب 170 افراد ہلاک ہوئے جن میں 13 امریکی فوجی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں