کینیڈا میں پاکستانی شیعہ خاندان پر حملہ، ایک بیٹا ہلاک دوسرا شدید زخمی، باپ اغوا

اوٹاوا (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر حملہ کر کے پاکستانی شیعہ خاندان کے  ایک نوجوان کو ہلاک دوسرے کو شدید زخمی اور اُن کے والد کو اغوا کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے شہر ہملٹن میں پاکستانی شیعہ فیملی کے گھر پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان قتل اور اس کا بھائی شدید زخمی ہوگیا۔

ہملٹن پولیس کا کہنا ہے کہ رات تین بجے فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی، جس کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو دو افراد کو زخمی حالت میں پایا گیا۔

پولیس نے کہا کہ دونوں زخمی بھائیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر ایک بھائی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس نے مزید کہا ہے کہ حملہ پاکستانی خاندان کے گھر پر کیا گیا، حملہ آور گھر کے سربراہ کو بھی اپنے ہمراہ لے گئے اور وحشیانہ تشدد پر انھیں مردہ سمجھ کر 6 گھنٹے بعد دریا کنارے پھینک گئے۔ گھر کے زخمی سربراہ کی شناخت فقیر علی کے نام سے ہوئی ہے۔ فقیر علی کو گہرے زخم آئے ہیں جو ان کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ پولیس نے قتل ہونے والے نوجوان کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

پاکستانی فیملی کے گھر پر حملہ کرنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں