کراچی: مولانا تقی عثمانی وفاق المدارس العربیہ کے سربراہ منتخب

کراچی (ڈیلی اردو) جامعہ دارالعلوم کراچی کے سربراہ اور ممتاز عالم دین مولانا تقی عثمانی کو وفاق المدارس العربیہ کا سربراہ منتخب کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ کے سربراہ مولانا عبدالرزاق سکندر کی وفات کے بعد سربراہ کا عہدہ خالی تھا۔ وفاق المدارس العربیہ کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس جامعہ اشرفیہ لاہور میں منعقد ہوا جس میں جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی شریک ہوئے۔

مولانا فضل الرحمن نے وفاق المدارس کے سربراہ کے لیے مولانا تقی عثمانی کا نام پیش کیا تو اجلاس میں شریک علما کرام نے ان کی حمایت کی جس کے بعد مولانا تقی عثمانی کو بلا مقابلہ وفاق المدارس العربیہ کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ مولانا فضل الرحمن نے مولانا تقی عثمانی کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مولانا تقی عثمانی معروف عالم اور جید فقیہ ہیں۔ ان کا شمار ملک کی نامور علمی اور مذہبی شخصیات میں ہوتا ہے۔ 1980ء سے 1982ء تک وفاقی شرعی عدالت اور 1982ء سے 2002ء تک عدالت عظمی پاکستان کے شریعت ایپلیٹ بینچ کے جج رہے ہیں۔ بین الاقوامی اسلامی فقہ اکادمی، جدہ کے نائب صدر اور دارالعلوم کراچی کے نائب مہتمم ہیں۔ اس کے علاوہ آپ آٹھ اسلامی بینکوں میں بحیثت شرعی مشیر کام کر رہے ہیں اور البلاغ جریدے کے مدیر اعلیٰ بھی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں