اپر دیر: جرگے میں فائرنگ سے 12 افراد ہلاک، 45 زخمی

اپر دیر (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر کے علاقے براول میں جرگے کے دوران فائرنگ سے 12 افراد ہلاک جبکہ 45 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ اپردیر کے علاقے براول بانڈگئی میں پیش آیا جہاں سڑک کی تعمیر کے تنازع کے حل کیلئے فریقین کے درمیان جرگہ جاری تھا کہ اس دوران جھگڑا ہوگیا۔

دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو دیر منتقل کردیا گیا، جہاں عملے نے 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں 5 کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا، علاقے میں مزید تصادم روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے۔

آئی جی معظم جاہ انصاری نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملاکنڈ سے رپورٹ طلب کرلی۔

آئی جی نے ملوث ملزمان کیخلاف سخت کارروائی جبکہ جرگہ سسٹم اور جرگوں کیلئے سیکیورٹی کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

یاد رہے رواں ماہ کی 16 تاریخ کو لوٸر دیر کے علاقہ طورمنگ درہ میں جنازہ میں شریک فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 19 سے زاٸد زخمی ہو گئے تھے۔

خال پولیس کے مطابق مسلم لیگ کے صوبائی نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر ملک جہانزیب اور مخالف فریق شیرین اکبر کے درمیان اراضی کا تنازعہ چلا آ رہا تھا، دو دن پہلے فریقین کی آپس میں تکرار اور ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں