امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کی شکایت پر پشاور سے بچی کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

پشاور (ڈیلی اردو) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)نے امریکی خفیہ ایجنسی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو پشاور سے گرفتار کرلیا۔

جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کی شکایت پرایف آئی اے نے پشاور میں کارروائی کر کے امریکا میں بچی کو ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ملزم پر امریکی ریاست ورجینیا میں سوشل میڈیا کے ذریعے بچی کو ہراساں کرنیکا الزام ہے۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق چائلڈ پورنو گرافی سیل نے ملزم انس فاروق کو حیات آباد سے گرفتار کیا۔ ملزم کا موبائل فون بھی ایف آئی اے نے ضبط کر لیا ہے۔

دوران تفتیش ملزم انس فاروق نے اعتراف کیا کہ اس نے نابالغ متاثرین کے اسنیپ چیٹ اکائونٹ تک غیر قانونی رسائی حاصل کی تھی اور اسی اکائونٹس سے متاثرہ بچی کی عریاں تصویریں اس کے ہاتھ لگیں جس کے بعد اس نے بچی کو بلیک میل اور جنسی طور پر ہراساں کرنا شروع کر دیا تھا۔ ایف آئی اے نے سائبر کرائمز کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔

متاثرہ بچی کے والدین نے ملزم کی جانب سے ہراساں کرنیکی حوالے سے امریکی پولیس کو شکایت درج کرائی تھی، جس کی تحقیقات ہونے کے بعد پولیس نے ایف آئی اے کو یہ کیس بھیجا، جنہوں نے ملزم کے خلاف کارروائی کے لیے ایف آئی اے سے رابطہ کیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش اقبال جرم کرلیا، ایف آئی اے کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا کہ آیا ملزم کو ایف بی آئی کے حوالے کیا جائے گا یا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں