بلوچستان: گوادر میں قائد اعظم کے مجسمے کو دھماکے سے اڑانے کا مقدمہ درج

گوادر (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں قائد اعظم کے مجسمے کو دھماکے سے اڑانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گوادر میں قائداعظم محمد علی جناح کے مجسمے کو دھماکے سے اڑانے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی گوادر میں درج کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں، واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح کے مجسمے کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کرنے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ رپیلکن آرمی (بی آر اے) نے قبول کی ہے۔

کالعدم تنظیم بلوچ رپیلکن آرمی کے ترجمان بیبگر بلوچ نے ٹوئٹر پر اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے لکھا: ’گوادر میں میرین ڈرائیو پر محمد علی جناح کا مجسمہ ہمارے سرمچاروں نے دھماکہ خیز مواد لگا کر تباہ کر دیا۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ روز گوادر میں میرین ڈرائیو پر نصب قائد اعظم کے مجسمے کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں