ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا، 4 اہلکار ہلاک، کیپٹن سمیت 2 زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ بلوچستان میں حکام کے مطابق ایک بم دھماکے میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک اور کیپٹن سمیت دو زخمی ہو گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ ضلع ہرنائی کے ہرنائی کوئٹہ شاہراہ پر شاہرگ اور کھوسٹ کے درمیان میں ایف سی گاڑی کو بارودی سرنگ کے ذرائع سے نشانہ بنایا گیا۔ جس کے نتیجے میں چار اہلکار ہلاک اور کیپٹن اویس سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

‏ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ذاکرسپاہی محمد سلیم، ماجد فرید اور سپاہی حسین رحمت کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔ جمعے کو آواران کے علاقے کنیرا میں ایف سی قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں دو اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں