اسلام آباد ائیرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکار کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اہلکار کی فائرنگ سے ایک مشکوک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ انٹری گیٹ پر سیکیورٹی اہلکار نے موٹرسائیکل سوار شخص کو مشکوک جان کر روکنے کی کوشش لیکن اشارے کے باوجود موٹرسائیکل سوار نہ رکا تو اے ایس ایف اہلکار نے اس پر فائرنگ کردی۔

گولیاں لگنے سے وہ شخص زخمی ہوگیا۔ جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی الرٹ کردی گئی اور جائے وقوعہ پر سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری پہنچ گئی۔

حکام نے واقعے کی انکوائری شروع کردی ہے اور زخمی شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس کی شناخت افتخار کے نام سے ہوئی۔

اے ایس ایف کے بیان میں کہا گیا کہ مشکوک شخص نے ون وے اور نو موٹرسائیکل زون کی خلاف ورزی کی تھی، اور روکنے کے باوجود موٹرسائیکل نہ روکی۔ 

ملزم کے خلاف ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کی درخواست پر تھانہ نصیرآباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس سے کسی قسم کا اسلحہ برآمد نہیں ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں