لیبیا: 865 تارکین وطن کو بحیرہ روم میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا

طرابلس (ڈیلی اردو) لیبیا میں گزشتہ ہفتے 865 غیر قانونی تارکین وطن کو سمندر میں سے بچا کر ساحل پر واپس لایا گیا ہے۔

بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرین (آئی او ایم) نے بتایا کہ 19 سے 25 ستمبر تک سمندر میں سے 865 تارکین وطن افراد کو روک یا بچا کر لیبیا واپس لایا گیا ہے۔

آئی او ایم کے مطابق 2021 میں اب تک 25 ہزار 285 غیرقانونی تارکین وطن افراد کو بچایا گیا ہے جبکہ لیبیا کے ساحل سے پرے سمندر میں وسطی بحیرہ روم کے راستے پر 455 افراد ہلاک اور 660 لاپتہ ہو چکے ہیں۔

2011 میں سابق رہنماء معمر قذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد لیبیا عدم تحفظ اور انتشار کا شکار ہے اور اس کے بعد سے شمالی افریقہ کا یہ ملک بحیرہ روم کو عبور کرکے یورپی ساحلوں تک پہنچنے کے خواہشمند غیرقانونی تارکین وطن کیلئے روانگی کا پسندیدہ مقام بن چکا ہے۔

بچائے جانے والے تارکین وطن کو لیبیا میں قائم گنجائش سے زیادہ بھرے ہوئے استقبالیہ مراکز میں بھیج دیا گیا ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر ان مراکز کو بند کرنے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں