ایکواڈور: جیل میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 29 قیدی ہلاک، 48 زخمی

کیوٹو (ڈیلی اردو) ایکواڈور کی ایک جیل میں دو متحارب گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 29 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایکواڈور کے شہر گوایاکل کی جیل میں قیدیوں نے ایک دوسرے پر اسلحے اور دستی بموں سے حملہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایکواڈور کی جیل میں قیدیوں کے درمیان لڑائی میں 48 قیدی زخمی بھی ہوئے۔

حکام کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر گوایاکِل کی جیل میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ایکواڈور کے صدر گلیارمو لاسو کے مطابق منگل کو پیش آنے والے اس واقعے کے بعد جیل حکام نے اب صورتحال پر قابو پا لیا ہے۔

ایکواڈور کی جیلوں میں منشیات فروش گینگز کے درمیان تصادم کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔

جیلوں میں تشدد کے حالیہ واقعات

گزشتہ دسمبر میں ایکواڈور کی جیلوں میں باہم مخالف جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان تشدد کے واقعات میں گیارہ قیدیوں کی موت ہوگئی تھی۔

صدر مورینو نے جیلوں میں ‘مافیا‘ گروپو ں پر قابو پانے کے لیے 90 دنوں کی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا تھا۔

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق سن 2020 میں جیلوں میں ہونے والے تشدد کے واقعات میں کم از کم 51 قیدی ہلاک ہوئے تھے۔

کورونا وائرس کے مد نظر جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کو کم کرنے کے مقصد سے ایکواڈور کی حکومت نے معمولی جرائم کے لیے جیلوں میں بند قیدیوں کو رہا کر دیا ہے جب کہ بعض قیدیوں کو جرمانہ لے کر چھوڑ دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں