پاکستان ​روس مشترکہ فوجی مشقوں‌ کا آغاز

راولپنڈی (کاشف محمود) پاکستان اور روس کی خصوصی فورسز کی مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز ہوگیا۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق روس کے علاقے مولکینو میں پاک فوج اور روسی فوج کی مشقوں ’دروزبہ 6 کرسنودر‘ کا آغاز ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب روس میں منعقد ہوئی، جس میں کلوچ کے میئرسرگئی بلوپولسکی مہمان خصوصی تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان، روس اسپیشل فورسز کے دستے 2 ہفتے انسداد دہشتگردی کی ڈرلز میں حصہ لیں گے۔

افتتاحی تقریب میں پاکستان اور روس کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ دونوں ممالک کے دستوں کے ہتھیار اور آلات کے استعمال کی مہارت بھی دکھائی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل روس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے کثیرالملکی فوجی امن مشن مشقوں کا انعقاد کیا گیا تھا، جو 25 ستمبر 2021 کو اختتام پذیر ہوئیں تھیں۔

فوجی مشقیں روس کے اورنبرگ ریجن میں ڈونگز ٹریننگ ایریا میں کی گئیں، روسی سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ کمانڈر کرنل جنرل الگزینڈرلاتن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے دستوں نے تربیتی فوجی مشقوں میں حصہ لیا، مشقوں میں شریک فوجی دستوں نے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا۔

یاد رہے اس سے قبل آذربائیجان میں کثیرالملکی فوجی مشقیں ہوئیں تھیں، 3 بھائیوں کے عنوان سے مشقوں میں ‏پاکستان، ترکی، آذربائیجان نے شرکت کی تھی۔ ‏مشقوں میں انسداد دہشتگردی، خطرات، ہائبرڈ صورتحال کی ڈرلز کی گئیں۔ دو ہفتے جاری رہنے والی مشقوں میں ‏کمبائنڈ آپریشنز کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں