کراچی میں پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے 10 ایرانی شہری گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستانی شناختی کارڈ کے حامل 10 ایرانی شہری گرفتار کرلیے، ایرانی شہریوں کے پاس دیگر سفری دستاویزات بھی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 10 ایرانی شہریوں کو جعلسازی اور دیگر الزامات کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل بھاول اوستو کے مطابق ملزمان پاکستانی اور ایرانی ایجنٹوں کی ملی بھگت سے پاکستانی دستاویزات بنانے میں کامیاب ہو گئے تھے اور پاکستانی سفری دستاویزات کی بنیاد پر پاکستان سے قطر جانے کے لیے کوششیں کر رہے تھے۔

ایف آئی اے، انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی میں نادرا کے اعلیٰ افسران اور ملازمین کے خلاف انکوائریاں اور تفتیش جاری ہے اور منطقی و قانونی طور پر مقدمات کا بھی اندراج ہو رہا ہے اور نادرا افسران و ملازمین اور ان کے آلۂ کار کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام نے بار بار انتباہ اور زیر التواء انکوائریوں کے باوجود نیشنل رجسٹریشن اینڈ ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادرا) افسران اور ملازمین کی جانب سے غیر قانونی شناختی کارڈز کے اجراء کو باعث تشویش قرار دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں نادرا کے اعلیٰ افسران و ملازمین سمیت 18 افراد کو گرفتار کیا گیا جن کے خلاف مقدمات درج ہوئے ہیں۔

ان افسران میں نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور سینئر ایگزیکٹو سمیت کئی اہلکار شامل ہیں۔

حکام کے مطابق گرفتار ایرانی شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ کا اجراء حال ہی میں ہوا ہے۔ گرفتار ہونے والے دس ایرانی باشندوں کے خلاف فارنرز ایکٹ 1946 اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج کر کے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دورانِ تفتیش ہونے والے انکشافات کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ اختیار یونین کونسل کی سطح سے نادرا اور پاسپورٹ اتھارٹی تک بڑھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں