ایران: تہران کے تحقیقاتی مرکز میں دھماکے، تین افراد ہلاک

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں تنصیبات اور فیکٹریوں میں دھماکوں اور آتش زدگی کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے اتوار کے روز اعلان کیا گیا تھا کہ تہران کے مغرب میں پاسداران کے زیر انتظام ایک تحقیقاتی مرکز میں آگ لگنے سے 3 کارکنان ہلاک ہو گئے تھے۔

سیٹلائٹ تصاویر میں مذکورہ مقام کو پہنچنے والے نقصان کا حجم سامنے آیا ہے۔

اس حوالے سے “Imagesatintl” کمپنی کا کہنا ہے کہ اس مقام پر ہونے والے دھماکے نے پاسداران انقلاب کے زیر انتظام میزائلوں کے خفیہ اڈے کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکے سے “شہید ہمت انڈسٹریل گروپ” کے زیر انتظام مرکز کو کافی نقصان پہنچا۔ سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ مرکز کی ایک چوتھائی عمارت تباہ ہو گئی۔

گذشتہ برسوں کے دوران میں ایران میں آتش زدگی کی لہر دیکھی گئی۔ ان واقعات میں کئی شہروں میں واقع کمپنیاں اور فیکٹریاں لپیٹ میں آئیں۔ ان شہروں میں قُم، اصفہان اور قزوین شامل ہیں۔

اسی طرح کئی عسکری تنصیبات کے ٹھکانوں پر بھی پراسرار دھماکے ہوئے۔ ان دھماکوں کے پیچھے موجود عناصر کا انکشاف نہیں ہوا۔ تاہم ایرانی ذمے داران ایک سے زیادہ مرتبہ الزام عائد کر چکے ہیں کہ ان واقعات کے پیچھے اسرائیل اور اس کی انٹیلی جنس ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں