افغانستان: طالبان نے چمن اسپن بولدک سرحد بند کردی

چمن (ویب ڈیسک) افغانستان نے چمن اسپن بولدک سرحد ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کردی۔

چمن سے متصل پاک افغان باب دوستی کے سامنے مرکزی شاہراہ پر افغان حدود میں سیمنٹ بلاک رکھ دیے گئے ہیں۔

کسٹم حکام کی جانب سے بھی پاک افغان سرحد باب دوستی کو تجارتی سرگرمیوں اورپیدل آمدورفت کے لیے بند کیے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔

کسٹم حکام کا کہناہےکہ باب دوستی کو افغان اہلکاروں کی جانب سے بند کیا گیا ہے جس کے باعث سرحد کے دونوں جانب مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

حکام کے مطابق باب دوستی سرحد صبح 8 سے شام 4 بجے تک معمول کے مطابق کھلی رہتی ہے۔

دوسری جانب افغان حکام کا کہنا ہے کہ گورنر قندھار کی ہدایت پر چمن اسپن بولدک سرحد کو بند کیا گیا ہے۔

گورنر قندھار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کے ساتھ تجارت اور پیدل آمدورفت کو بند کیا گیا ہے، پاکستانی سرحدی حکام کے ساتھ آمدورفت کے طریقہ کار پر اعتراض ہے لہٰذا مسائل حل ہونے تک باب دوستی بند رہے گی، لوگ سفر نہ کریں۔

پاکستانی سکیورٹی حکام کا کہنا ہےکہ افغان حکام کے اس اقدام اور مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں